پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) کی جانب سے شاندار آغاز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی۔
حارث رؤف نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) کے خلاف پہلے راؤنڈ کے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے طویل فارمیٹ کے لیے اپنی تیاری کا مضبوط اشارہ دیا۔
32 سالہ فاسٹ بولر نے پاکستان کی جانب سے اب تک صرف ایک ٹیسٹ کھیلا ہے۔ انہوں نے دسمبر 2022 میں راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس میں ایک وکٹ حاصل کی، تاہم فیلڈنگ کے دوران ران کے پٹھے میں انجری کے باعث وہ سیریز میں مزید حصہ نہیں لے سکے۔
حارث نے اس ٹیسٹ میں صرف 13 اوورز کرائے تھے اور اس کے بعد سے پاکستان کی ریڈ بال ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔
پی ٹی وی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ کھیلنے کا بنیادی مقصد خود کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تیار کرنا اور پاکستان کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین خدمات انجام دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت فاسٹ بولرز کی ضرورت ہے اور ملک میں ٹیسٹ سیریز ہونے والی ہے، اس لیے وہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے خود کو دستیاب رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
پاکستان کی اگلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز ہے جس میں مختلف فارمیٹس کے میچز شامل ہیں۔ سیریز کے دو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔
پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

