لاہور:
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی لون ایپس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے گروہ کے 39 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں ٹاک ماسٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے جعلی لون ایپس کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا۔
ملزمان آغر، گرو فنڈ، جیمز فنڈ، کیش ایئر، کریڈی چیک اور کریڈٹ سپورٹ سمیت مختلف ایپس کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر بلیک میل کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان قرض لینے والے متاثرین کی گیلری اور کانٹیکٹس تک رسائی حاصل کرتے پھر مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی فحش تصاویر تیار کرکے انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران 38 مردوں اور ایک خاتون سمیت 39 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے 40 لیپ ٹاپ اور 41 موبائل فونز برآمد کرکے تمام ڈیجیٹل شواہد قانونی تقاضوں کے مطابق قبضے میں لے لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل اور مالیاتی ساکھ کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے، معصوم شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

