خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤں کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل لاہور میں پنجاب اسٹریٹ موومنٹ کا لائحہ عمل دوں گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل افریدی نے کہا کہ لاہور میں مبینہ طور پر پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والے کارکن اشتیاق کے گھر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پر مسلط کی گئی ناجائز حکومت اور ان کے ہینڈلرز کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنان پر ایسا ظلم کیا جا رہا ہے کہ سن کر ہر مسلمان شرم سار ہو رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ لاہور میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاری کے دوران تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف غیرقانونی چھاپے اور پکڑ دھکڑ کے دوران ہمارے سینئر کارکن اشتیاق احمد کو گرم تیل کے کڑاھے میں گرا دیا تھا اور وہ جھلسنے کی وجہ سے آج شہید ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کل لاہور میں شہید اشتیاق کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کے لیے جاؤں گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ لاہور میں ہی پنجاب اسٹریٹ موومنٹ کا لائحہ عمل دوں گا۔

