پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ابتدائی مرحلے میں 7 روڈ پیکجز منظور

پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ابتدائی مرحلے میں 7 روڈ پیکجز منظور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت نجی شعبے کے اشتراک سے صوبے کی ترقی کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ابتدائی مرحلے میں 7 روڈ پیکجز کی منظوری دے دی گئی۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے پانچویں اہم اجلاس میں متعدد بڑے فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت نجی شعبے کی شراکت داری سے پنجاب بھر میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کی جائے گی۔ اجلاس میں آپریشنل اینڈ مینجمنٹ ٹھیکوں کے لیے کامیاب بولیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق کامیاب بولی دہندگان اپنی بولیوں کو سات سال تک برقرار رکھیں گے اور پنجاب حکومت کو منافع بھی فراہم کریں گے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نجی شعبے کی شراکت داری سے مقامی سطح پر ویکسینز کی تیاری کے آغاز کی منظوری کا بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منہ کُھر کی بیماری کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری، لائیو اسٹاک فارمز اور ویکسین کی ٹرانسفارمیشن سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بولیوں کے جائزے کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے ترامیم کی منظوری دی گئی، جبکہ کارکردگی کے جائزے کے معیارات کے مطابق ادارہ جاتی اور انتظامی مینجمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے چوتھے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن اصلاحات، سوشل میڈیا مینجمنٹ اور سالانہ ضلعی ڈویلپمنٹ پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے پنجاب میں مختلف شعبوں کی ترقی کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن گیم چینجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر شفافیت اور مقررہ مدت کے مطابق عمل درآمد کارکردگی جانچنے کا اہم معیار ہے، جبکہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کی خدمت حکومت کی کارکردگی کے اہم پیمانے ہیں۔

بعد ازاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب فنانشل اسسٹنس سروسز (PFAS) کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت فنانس ڈیپارٹمنٹ میں PFAS ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بہترین کارکردگی پر فنانس سیکرٹری مجاہد شیر دل اور سابق سی ای او PFAS نعمان یوسف کو شاباش دی۔ انہوں نے فنانس سیکرٹری، سی ای او PFAS سلمان لودھی، سی ای او P4A ذیشان حنیف اور فنانس ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *