بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع فاضلکا میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر خوفناک دھماکا ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک دھماکا رات تقریباً 2 بجے جلال آباد پولیس اسٹیشن پر ہوا۔دھماکے کی شدت سے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں کھڑی دو گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس نے واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کیے۔ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تصدیق کی گئی کہ یہ گرینیڈ حملہ تھا۔
پولیس کے مطابق حملے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا اور دونوں کی شناخت بھی کرلی گئی۔ تاہم حکام نے ابھی گرفتار افراد کی شناخت، حملے کے مقصد اور ممکنہ تنظیمی وابستگی کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
خیال رہے کہ بھارت کی مودی سرکار ایسے تمام واقعات کا الزام سکھ علیحدگی پسند تنظیموں پر عائد کرتی آئی ہے۔ جس کے باعث متعدد رہنماؤں کو خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
بیرون ملک بھی سکھ رہنما محفوظ نہیں رہے ہیں۔ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں را کے ملوث ہونے شواہد خود جسٹن ٹروڈو نے پیش کیے تھے جب کہ امریکا میں بھی ایک سکھ قتل کی سازش عین وقت پر پکڑی گئی تھی۔

