ملیر جناح اسکوائر کے قریب گھر سے 3 بچوں کی ماں کی گلا کٹی لاش ملی ہے، پولیس نے واقعے کو مبینہ طور پر خود کشی قرار دے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کے علاقے ملیر جناح اسکوائر علیم آباد ریاض پان شاپ کے قریب گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔
بعدازاں متوفیہ خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ کی شناخت 30 سالہ کنول زوجہ محمد کاشان کے نام سے کی گئی، متوفیہ خاتون 3 بچوں کی ماں تھی۔
ایس ایچ او ملیر سٹی ریاض بھٹو کے مطابق متوفیہ خاتون کی لاش گھر کی پہلی منزل سے واش بیسن کے قریب سے ملی، ابتدائی معلومات کے مطابق متوفیہ خاتون نے مبینہ طور پر گھر کی پہلی منزل پر تیز دھارآلہ (چھری) کی مدد سے اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کے وقت خاتون کی ساس گراؤنڈ فلور پر موجود تھی جبکہ شوہر اور بچے گھر پر نہیں تھے، متوفیہ خاتون کا شوپر پکوڑے سموسے فروخت کرتا ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ فوری طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، پولیس موقع پر موجود ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

