پشاور: اسلام آباد سے پشاور آنے والی موٹروے چکدرہ انٹرچینج کے قریب سڑک کو مظاہرین نے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عوامی احتجاج کئے اسلام آباد تا پشاور موٹروے کو چک درہ کے مقام پر بند کردیا گیا ہے۔ مسافروں کے مطابق موٹروے پر دو گھنٹے سے زائد وقت سے ہزاروں بسیں، ٹرک اور دیگر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے قتل کی واردات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لاش سڑک پر رکھ دی، جس کے باعث موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پولیس اور موٹروے پولیس راستہ کھلوانے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی۔ موٹروے پولیس نے ابتدا میں آدھے گھنٹے میں سڑک کھولنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم دو گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود موٹروے بند ہے۔
موٹروے کی بندش کے باعث اسلام آباد سے پشاور جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

