کراچی:
کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ دونوں واقعات میں ملزمان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
قائد آباد پولیس کے مطابق مولا داد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جس کی شناخت حنیف کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ مقابلے کے دوران ملزم کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11-I میں حافظ جی مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، نقدی اور موبائل فون برآمد کیے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کا پولیس کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی میں مبینہ مقابلے کے دوران بھی ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

